اہم ترین

خبردار!سافٹ ڈرنکس پینے سے دل کے دورے اور فالج کا خطرہ بڑھ جاتا ہے: تحقیق

سوئیڈن میں کی گئی ایک ٹحقیق کے مطابق روزمرہ معمولات میں سوڈا (سافٹ ڈرنکس) کا استعمال دل کی صحت کے لئے انتہائی خطرناک ہے۔

سویڈن میں 70 ہزار بالغوں پر کی گئی ایک تحقیق میں پتا چلا ہے کہ مسلسل شکر والا سوڈا ڈرنکس پینے سے فالج، ہارٹ فیل ، دل کی بے ترتیب دھڑکن اور یہاں تک کہ خون کی نالیوں کی سوجھن جیسے خطرناک عوامل کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ایسی صورتحال میں اگر آپ بھی سافٹ ڈرنکس یا سوڈا پی رہے ہیں تو اس عادت کو فوراً درست کریں۔

سویڈن میں کی گئی اس تحقیق میں شامل تمام افراد نے 1997 سے 2009 تک خوراک سے متعلق سوالات کے جوابات دیے۔ ان سے پوچھا گیا کہ انہیں سافٹ ڈرنکس یعنی سوڈا، شوگر ڈرنکس، جام یا شہد، کینڈی آئس کریم یا مٹھائی سے کتنی کیلوریز ملتی ہیں۔ 20 سال سے زیادہ فالو اپ کے بعد تقریباً 26 ہزار لوگ دل کی بیماریوں میں مبتلا ہوئے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ سافٹ ڈرنکس پینے والوں میں یہ خطرہ سب سے زیادہ پایا گیا۔

سوڈا یعنی سافٹ ڈرنکس میں شوگر ہوتی ہے جو جسم کو زیادہ نقصان پہنچاتی ہے۔ ماہرینِ امراض قلب کے مطابق سوڈا میں خالی کیلوریز ہوتی ہیں جب کہ مٹھائی میں کاربوہائیڈریٹس، چکنائی اور پروٹین جیسے غذائی اجزاء ہوتے ہیں جو کہ جسم کو کافی حد تک توازن فراہم کرتے ہیں۔

سافٹ ڈرنکس پینے سے بلڈ شوگر لیول تیزی سے بڑھتا ہے جس کی وجہ سے انسولین ہارمون کو زیادہ کام کرنا پڑتا ہے۔ یہ سارا عمل جسم میں سوزش اور اعصاب کو شدید نقصان پہنچاتا ہے۔ اس کی وجہ سے دل کا دورہ پڑنے اور فالج کا خطرہ نمایاں طور پر بڑھ جاتا ہے۔

سوڈا پینے سے دل کے دورے ، جسم اور رگوں میں سوجن، وزن میں اضافہ، موٹاپا کا خطرہ، ہائی بلڈ پریشر اور کولیسٹرول جیسے مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ جس طرح سے نوجوانوں میں سوڈا یا سافٹ ڈرنکس پینے کی عادت بڑھ رہی ہے وہ بہت خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ گھر میں سافٹ ڈرنکس کی بجائے پانی یا اسموتھی پینا چاہیے۔ آپ کی خوراک میں صرف 10 فیصد کیلوریز اضافی چینی سے آنی چاہئیں۔ سافٹ ڈرنک کے ایک کین میں تقریباً 12 چائے کے چمچ چینی ہوتی ہے جو کہ روزانہ کی حد سے کہیں زیادہ ہے۔ اس لیے اس سے دور رہنا چاہیے۔

انتباہ: خبر میں دی گئی کچھ معلومات میڈیا رپورٹس پر مبنی ہیں۔ کسی بھی تجویز پر عمل کرنے سے متعلقہ ماہر سے مشورہ کریں۔

پاکستان