اہم ترین

سلمان خان کی سکندر ہٹ ہوئی یا فلاپ ؟؟؟

سلمان خان کی فلم سکندر کو باکس آفس پر بڑا دھچکا لگا ہے اس ایکشن ڈرامہ فلم میں سلمان کے ساتھ رشمیکا مندنا اور کاجل اگروال مرکزی کردار میں تھیں۔ لیکن یہ فلم شائقین کے دلوں تک نہ پہنچ سکی۔ 200 کروڑ کے بجٹ سے بننے والی سلمان خان کی فلم سکندر باکس آفس پر فلاپ ہوگئی۔ اس طرح کسی کا بھائی کسی کی جان کے بعد سلمان خان کی یہ دوسری فلاپ فلم ہے۔

بھارتی میدیا کے مطابق سکندر نے دنیا بھر کے باکس آفس پر صرف 200.93 کروڑ روپے کی کمائی کی، جو اپنی لاگت بھی پوری نہ کرسکی۔ فلم نے مقامی مارکیٹ میں 109 کروڑ روپے کا کاروبار کیا، جو سلمان خان کی اسٹار پاور اور فلم کو ملنے والی پبلسٹی کو دیکھتے ہوئے مایوس کن ہے۔

اس فلم کو سوشل میڈیا پر بھی ملے جلے ردعمل کا سامنا کرنا پڑا، جہاں کچھ نے سلمان کے ایکشن سیکوئنس کی تعریف کی تو کئی نے اسے بورنگ قرار دیا۔

سلمان خان کی فلمیں ناظرین کو سینما گھروں کی طرف راغب کرنے میں مسلسل ناکام ہو رہی ہیں۔ کمزور کہانی اور ہدایت کاری کے ساتھ ساتھ اوسط اداکاری بھی ان کے گلے کا پھندا بن رہی ہے۔

سلمان خان کی اگلی فلم سنجے دت کے ساتھ ہوسکتی ہے جو ایک ایکشن فلم ہوگی۔ اس فلم کا نام گنگا رام بتایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ کک 2 اور بجرنگی بھائی جان 2 بنانے کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ بھائی جان اپنی اگلی ہٹ فلم کب حاصل کرتے ہیں۔

پاکستان