اب انسٹا گرام پر غلط عمر بتا کر اکاؤنٹ بنانا اتنا آسان نہیں ہوگا۔ خاص کر ان بچوں اور ٹین ایجرز کے لیے جو سوشل میڈیا پر اصل عمر چھپا کر بالغ بننا چاہتے ہیں۔ دراصل میٹا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام کو اور بھی زیادہ محفوظ بنانے کے لیے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ اب انسٹا گرام پر عمر کی سچائی کا پتہ لگانے کے لیے اے آئی یعنی آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد لی جا رہی ہے۔
انسٹا گرام پر اگر کوئی صارف اپنی عمر 18 سال سے اوپر بتاتا ہے، تو اب اس پر نظر رکھی جائے گی۔ اے آئی ٹیکنالوجی یہ سمجھنے کی کوشش کرے گی کہ کیا صارف کی بتائی گئی عمر واقعی اتنی ہی ہے یا وہ صرف کسی خاص مواد تک پہنچنے کے لیے اپنی عمر زیادہ بتا رہا ہے۔
اے آئی صارف کی تصویر، چہرے کے فیچرز، اس کی سرگرمی اور ایپ پر گزارے گئے وقت کو دیکھ کر عمر کا اندازہ لگائے گا۔ اس درمیان اگر انسٹا گرام کو کسی پر شک ہوتا ہے، تو وہ اس صارف سے چہرے کا اسکین یا عمر کا کوئی سرکاری سند مانگ سکتا ہے اور اگر دستاویز سے یہ پتہ چلتا ہے کہ صارف کی اصل عمر 18 سے کم ہے تو اس کا اکاؤنٹ خود بخود ٹین ایج اکاؤنٹ میں تبدیل کر دیا جائے گا۔
ٹین ایج اکاؤنٹ مکمل طور پر پرائیویٹ ہوتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ اس صارف کی پروفائل، تصویر اور پوسٹ صرف انہی لوگوں کو دکھائی دیں گی، جنہیں وہ جانتا ہے یا جنہیں اس نے فالو کیا ہے۔ اس کے علاوہ، کوئی اجنبی شخص اسے میسج بھی نہیں بھیج سکتا۔
انسٹاگرام ایسے اکاؤنٹس کو حساس مواد سے بھی دور رکھتا ہے۔ جھگڑوں، نفرت انگیز تقریر یا کاسمیٹک سرجری جیسے موضوعات سے متعلق ویڈیوز اور پوسٹس کم دکھائی جاتی ہیں۔
اتنا ہی نہیں، اگر کوئی ٹین ایجر دن میں ایک گھنٹہ سے زیادہ انسٹاگرام پر وقت گزارتا ہے، تو اسے ایک یاد دہانی بھیجی جائے گی اور رات 10 بجے سے صبح 7 بجے تک سلیپ موڈ آن ہو جائے گا۔ اس دوران اسے کوئی نوٹیفکیشن نہیں ملے گا، جس سے نیند پر اثر نہ پڑے۔
میٹا اور دوسری سوشل میڈیا کمپنیوں کا ماننا ہے کہ بچوں کی آن لائن سیکیورٹی صرف ان کی ذمہ داری نہیں ہونی چاہیے۔ وہ چاہتی ہیں کہ ایپ اسٹورز بھی صارف کی عمر کی تصدیق کریں۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ جن بچوں کی عمر 13 سال سے کم ہے، وہ انسٹا گرام یا ایسے کسی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر آسانی سے نہ پہنچ پائیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر یہ الزامات لگتے رہے ہیں کہ وہ بچوں کی حفاظت کے حوالے سے سنجیدہ نہیں ہیں۔ اس نئی اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے میٹا نے صاف کر دیا ہے کہ اب بچوں کی ڈیجیٹل سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ تو اگر آپ یا آپ کے جاننے والے کوئی ٹین ایجر انسٹا گرام پر ہیں، تو دھیان رکھیں، اب جھوٹ بول کر انسٹا گرام چلانا پہلے جتنا آسان نہیں رہا۔