آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ دشمن کی کوئی بھی جارحیت پاکستان کی مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتی
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں بھارت کی جارحیت سے زخمی اہلکاروں اور شہریوں کی عیادت کی ۔
پاک فوج کے سربراہ فرداً فرداً ہر زخمی اہل کار سے ملے اور ان کی غیر معمولی بہادری اور فرض شناسی کو سراہا۔ انہوں نے مسلح افواج کی جانب سے زخمیوں کی مستقل دیکھ بھال، بحالی اور فلاح بہبود کے عزم کااعادہ کیا۔
اس موقع پر جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ہمارے شہریوں اور سپاہیوں کی بہادری اور قربانی پاکستان کی سلامتی کی بنیاد ہے، پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ہر فرد کے ساتھ پر عزم یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص کے دوران متحد اور پر عزم ردعمل سامنے آیا، یہ رد عمل عوام کی ثابت قدمی، حمایت کے ساتھ ملک کی عسکری تاریخ کا ایک فیصلہ کن باب بن چکا ہے۔دشمن کی کوئی بھی جارحیت پاکستان کی مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتی۔