ٹور ڈی سوئس کے پانچویں مرحلے پر ایک حادثے کے بعد سوئس سائیکلسٹ گینومیڈر 26سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کی بحرین وکٹوریس ٹیم نے جمعہ کو یہ اعلان کیا۔
ریس کے منتظمین نے بتایا کہ مقابلے کے دوران لا پنٹ جاتے ہوئے (جہاں ٹریک ختم ہوا) وہ البولا پاس سے اتر رہے تھےکہ تقریباً 200 کلومیٹر کے فاصلے پر امریکی سوار میگنس شیفیلڈ اور میڈر ایک دوسرے سے بری طرح ٹکرا گئے۔
منتظمین کے مطابق، میڈر ایک کھائی میں گرے اور بعد ازاں پانی میں بے جان پائے گئے۔ اس کے بعد انہیں بچانے کی کوشش میں ایک ایئر ایمبولینس کے ذریعےکور شہر کے ایک اسپتال لے جایا گیا۔
بحرین وکٹوریئس نے ایک بیان میں کہا، “جمعہ 16 جون کو، ٹور ڈی سوئس کے پانچویں مرحلے کے دوران ایک انتہائی سنگین حادثے کے بعد گینومیڈر شدید چوٹوں کی تاب نہ لاتے ہوئےزندگی کی بازی ہار گئے۔
ہماری پوری ٹیم اس المناک حادثے کے بعد شدت غم سے نڈھال ہے اور ہماری دعائیں اس ناقابل یقین حد تک مشکل وقت میں گینومیڈر کے اہل خانہ اور پیاروں کے ساتھ ہیں۔”
2021ء سے میڈر نے بحرین وکٹوریسکی نمائندگی کی ہے اور ماضی میں ٹور ڈی سوئس اور گیرو ڈی اٹالیا کے مراحل جیت چکے۔ اس کے علاوہ وہ دو سال قبل Vuelta a Espaa میں مجموعی طور پر پانچویں نمبر پر رہے اور نوجوان سوار کے زمرے میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
سوئٹزرلینڈ کے بہترین سائیکل سواروں میں سے ایک اور پیلوٹن میں پسند کی جانے والی شخصیت، میڈر نے گزشتہ سال اعلان کیا تھا کہ وہ 2022ء میں ہونے والے مقابلوں میں ان سے پیچھے رہ جانے والے سواروں کی تعداد کے برابر یعنی ہر ایک سوار کے بدلے ایک سوئس فرانک موسمیاتی بحران کے خلاف کوششوں کے لیے عطیہ کریں گے۔