حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹیوں نے بند کمرہ اجلاس میں باہمی رابطوں اور گفت و شنید کا سلسلہ کاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس اسلا؛م آباد کے کانسٹیٹیوشن روم میں ہوا۔
حکومتی مذاکراتی کمیٹی میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ ،سینیٹر عرفان صدیقی سابق اسپیکر راجہ پرویز اشرف، سید نوید قمر، ڈاکٹر فاروق ستاراور علیم خان جب کہ حزب اختلاف کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی میں سابق اسپیکر اسد قیصر، صاحبزادہ حامد رضا اور سینیٹر علامہ ناصر عباس شامل تھے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا کے بیان کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اجلاس کے دوران کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے مابین مذاکرات کا عمل نیک شگون ہے، مذکرات کا عمل جمہوریت کا حسن ہے، حکومت اور حزب اختلاف کا مل بیٹھنا جمہوریت کو مضبوط بنائے گا۔
بیان کے مطابق سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پارلیمان 24 کروڑ عوام کا منتخب ادارہ ہے اور عوام کو پارلیمان سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں، ملک کی موجودہ صورت حال سیاسی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا تقاضا کرتی ہے۔
اجلاس کے اختتام پر سینیٹر عرفان صدیقی نے مشترکہ اعلامیہ پڑھ کر سنایا انہوں نے کہا کہ دونوں کمیٹیوں نے اجلاس کو نہایت مثبت پیش رفت قرار دیا ہے اور توقع ظاہر کی ہے مذاکراتی عمل کو جاری رہنا چاہیے۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے بتایا کہ حزب اختلاف کی کمیٹی نے اپنے ابتدائی مطالبات کا خاکہ پیش کیا، طے پایا کہ اگلے اجلاس میں حزب اختلاف کی کمیٹی اپنے تحریری مطالبات اور شرائط کار پیش کرے گی تاکہ اس دستاویز کی روشنی میں بات چیت کو آگے بڑھایا جا سکے۔ کمیٹیوں کا آئندہ اجلاس 2 جنوری کو ہوگا