اہم ترین

ہم نہ سلیکٹڈ ہیں نہ ہی فارم 47 والے : بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرادری کا کہنا ہے کہ ہم نہ سلیکٹڈ ہیں اور نا ہی فارم 47 والے۔ہم کسی کی ڈکٹیشن نہیں لیتے۔

گڑھی خدا بخش میں بے نظیر بھٹو کی برس کے موقع پر جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاسی کٹھ پتلیاں ملک کے ایٹمی اثانوں پر سودا کرنے کو تیار ہوتے ہیں۔ مختلف ممالک ہماری اندرونی سیاست پر بیان دے رہے ہیں لیکن یہ سب کچھ بہانہ ہے اور کسی کو پاکستان کی جمہوریت کے بارے میں کوئی فکر نہیں، عمران خان صرف بہانہ ہے اصل میں نشانہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام اور میزائل ٹیکنالوجی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کو واضح کرنا چاہیے کہ آئے روز ان کی حمایت میں بیان دینے والے وہی لوگ نہیں جو پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خلاف ہیں؟ انہیں جواب دینا چاہیے کہ یہ بانی پی ٹی آئی کے حق میں کیوں بول رہے ہیں؟ کیا یہ وہی لوگ نہیں جو سب سے زیادہ آواز پہلے اسرائیل کی حکومت کے لیے اٹھاتے تھے اور پھر اس کے بعد عمران خان کے لیے اٹھاتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ حکومت سازی کے وقت ہمیں کسی کرسی یا وزارت کا شوق نہیں تھا، ن لیگ سے طے ہوا تھا کہ ترقیاتی کاموں کی منصوبہ بندی مل کر کریں گے۔ لیکن ہم حکومت سے طے پانے والے سمجھوتے پر عمل کرانے میں ناکام رہے ہیں۔ہمیں حکومت کی نہروں کی پالیسی پر سخت اعتراض ہے، یہ معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ اس طریقے سے حکومتیں نہیں چلتیں۔

پاکستان