جنوبی کوریا میں مسافر طیارے کو لینڈنگ کے دوران پیش آنے والے حادثے میں کم از کم 120 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ 65 کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔
فرانسیسی خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی کوریا کی نجی ایئر لائن جیجو ایئر کا طیارہ تھائی لینڈ کے شہر بنکاک سے واپس آتے ہوئے موان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے سے پھسل کر دیوار سے جا ٹکرایا۔
حادثے سے پہلے کی ویڈیو میں دیکھا گیا ہے کہ جیجو ایئر کا طیارہ بغیر پہیوں کے لینڈنگ کررہا تھا۔ اور رن وے سے پھسلتا ہوا دیوار سے ٹکراگیا۔ جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی ۔ حادثے کے دوران طیارے میں 181 افراد سوار تھے۔ جن میں سے 120 کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے۔
امدادی سرگرمیوں میں شامل حکام کے مطابق طیارہ تقریبا مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے، اور مرنے والوں کی شناخت مشکل ثابت ہو رہی ہے۔ اس عمل میں وقت لگ رہا ہے کیونکہ ہم باقیات کو تلاش کر رہے ہیں۔ حادثے میں صرف دو افراد بالکل ٹھیک حالت میں ریسکیو کئے گئے ہیں دونوں طیارے میں فلائٹ اٹینڈینٹ تھے۔