پاکستان فوج نے کہا ہے کہ 9 مئی 2023 کے واقعات میں سزا پانے والے 19 مجرمان کی سزاؤں کو معاف کر دیا گیا ہے۔
نو مئی 2023 کو پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں نجی و قومی املاک اور فوجی تنصیبات پر حملے ہوئے تھے۔
سپریم کورٹ کے حکم نامے کے بعد 2 مراحل میں کم و بیش 85 افراد کو سزائیں سنائی گئیں جن میں عمران خان کے بھانجے سمیت پاک فوج کے 2 سابق افسران بھی شامل تھے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات (آئی ایس پی آر) کے مطابق سزائیں سنائے جانے کے بعد 67 مجرموں نے قانون کے مطابق سزاؤں کے خلاف اپیلوں کا حق استعمال کیا اور معافی کی درخواست کی۔ جن میں سے ’4 درخواستوں پر اپیل عدالتوں میں کارروائی کی گئی اور 19 مجرموں کی درخواستیں خالصتاً انسانی بنیادوں پر منظور کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جن مجرموں کی سزائیں معاف کی گئی ہیں انہیں قانونی تقاضوں کی تکمیل کے بعد رہا کر دیا جائے گا۔ جب کہ رحم کی دیگر درخواستوں پر بھی قانونی عمل کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔ سزاؤں میں کمی قانونی عمل کی شفافیت اور انصاف کی مضبوطی کی عکاس ہے، جو یہ یقینی بناتی ہے کہ ہمدردی اور رحم کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انصاف فراہم کیا جائے۔