گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ رواں برس کرنسی نوٹ نئے ڈیزائن میں مارکیٹ میں آ جائیں گے۔
نئی مانیٹری پالیسی کے اعلان کے بعد صحافیوں سے گفتگو کے دوران ہوئے جمیل احمد نے کہا کہ نئے نوٹ مرحلہ وار پرنٹ کیے جائیں گے ۔ اسٹیٹ بینک اس وقت ان نئے نوٹ کی ویلیوایشن پر کام کر رہا ہے تاکہ نوٹ کی جدید ترین ٹیکنالوجی اور حفاظتی فیچرز کو یقینی بنایا جا سکے۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ ایک ساتھ نہیں بلکہ بتدریج مارکیٹ میں آئیں گے۔یہ نوٹ تکنیکی ویلیوایشن کے بعد جلد ہی کابینہ کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہڈیجیٹل کرنسی پر 2 سال سے اپنی صلاحیت بہتر بنا رہے ہیں. ڈیجیٹل کرنسی سے متعلق مسودہ تیار کر کے منظوری کے لیے بھیجا جائے گا، ابھی پرپوزل تیار کیا گیا ہے۔
جمیل احمد نے کہا کہ ہمیں افراطِ زر اور کرنٹ اکاؤنٹ کے مسائل تھے، دونوں میں کافی بہتری آئی ہے۔ افراطِ زر گزشتہ کچھ ماہ میں کافی نیچے آیا ہے۔کرنٹ اکاؤنٹ مالی سال 2025 کی پہلی شش ماہی میں سرپلس ریکارڈ ہوا ہے۔ دسمبر تک زرمبادلہ ذخائر میں توقعات سے زائد اضافہ ہوا۔