اہم ترین

امریکی حکومت کے اشارے سے کرپٹو مارکیٹ میں مندی: بٹ کوائن کی قیمت میں کمی

امریکا کے مرکزی بینک فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں کمی نہ کرنے کا اشارہ کرپٹومارکیٹ میں مندی لے آیا۔ مارکیٹ ویلیو کے لحاظ سے سب سے بڑی کریپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قیمت میں 1.50 فیصد سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی ہے۔

امریکی فیڈرل ریزرو کے چیئرمین جیروم پاول نے کہا ہے کہ شرح سود کم کرنے میں کوئی جلد بازی نہیں کی جائے گی۔اس رپورٹ کے شائع ہونے کے بعد بین الاقوامی کرپٹو ایکسچینج بائننس پر بٹ کوائن کی قیمت 1.50 فیصد سے کم ہو کر تقریباً 96160 ڈالر پر آ گئی تھی۔

اسی طرح دوسری سب سے بڑی کرپٹو کرنسی ایتھر کی قیمت تقریباً دو فیصد کم ہو کر تقریباً 2634 ڈالر ہوگئی۔ دیگر کرپٹو کرنسیز جن میں کمی واقع ہوئی ان میں سولانا، پولکاڈوٹ، ٹرون، لائٹیکوئن، اسٹیلر اور ایکس آر پی شامل ہیں۔ کرپٹو کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن گزشتہ ایک دن میں تقریباً 2.80 فیصد کم ہو کر تقریباً 3.15 ٹریلین ڈالر رہ گئی۔

مارکیٹ کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں کمی نہ کرنے کے اشارے نے بٹ کوائن کو متاثر کیا ہے۔ ایتھر میں تاجروں کی دلچسپی دیگر کرپٹو کرنسیوں کی نسبت کم ہے۔

حال ہی میں، یو ایس سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے کہا تھا کہ کرپٹو سیگمنٹ کے لیے ایک ریگولیٹری فریم ورک تیار کرنے کے مقصد سے ایک ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے۔

پاکستان