اہم ترین

انڈونیشیا میں روہنگیا پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی فنڈنگ بحال

انڈونیشیا میں موجود ہزاروں روہنگیا پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی فنڈنگ بحال کردی گئی ہے۔

میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر شدید مظالم ڈھائے جاتے ہیں اور ہر سال ہزاروں افراد ملائیشیا یا انڈونیشیا پہنچنے کے لیے طویل اور خطرناک سمندری سفر پر اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غیر ملکی امداد کی فنڈنگ منجمد کرنے کی وجہ سے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرت نے انڈونیشیا میں روہنگیا پناہ گزینوں کے لیے امداد میں کٹوتی کردی تھی۔

انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (آئی او ایم) کی جانب سے 28 فروری کو لکھے گئے ایک خط میں کہا گیا تھا کہ مغربی جزیرے سماٹرا کے شہر پیکانبارو میں تقریباً ایک ہزار روہنگیا پناہ گزینوں کی امداد میں کٹوتی کی جا رہی ہے۔

تاہم انڈونیشیا میں آئی او ایم کے چیف آف مشن جیفری لیبووٹز نے خبر ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ انسانی امداد فراہم کرنے کا ہمارا سب سے بڑا پروگرام بحال کر دیا گیا ہے۔خدمات میں فی الحال کوئی منصوبہ بند کمی نہیں کی گئی ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرت نے ایک ای میل بیان میں کہا کہ وہ انڈونیشیا میں روہنگیا پناہ گزینوں کی مدد کے لئے پرعزم ہے، ماضی کی طرح ہماری حمایت جاری ہے۔

پاکستان