اہم ترین

چھکے چوکے مارنا اچھا ہے مگر جسے دیکھو آفریدی بنا ہوا ہے: شاہد آفریدی

قومی کرکٹ ٹیم کےجارح مزاج آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کہتے ہیں کہ پازیٹیو انٹینٹ سنگل ڈبل سے بھی ہوتا ہے ، چھکا، چوکا مارنا اچھی چیز ہے مگر جسے دیکھو شاہد آفریدی بنا ہوا ہے۔

کراچی میں تقریب کے دوران شاہد خان آفریدی نے کہا کہ ہمارے یہاں کوئی سسٹم نہیں دیگر ممالک میں سسٹم کے تحت لوگ آتے ہیں ، میں نے ہمیشہ کہا بینچ اسٹرینتھ ہونی چاہیے ۔ ایسا نہیں ہونا چاہئیے کہ شاہین اگر ٹیم میں نہ ہو تو اس کی کمی محسوس ہو ۔

ان کے مطابق میں نے کہا تھا کچھ پلیئرز کو ریسٹ دینا چاہیے۔ ڈومیسٹک کے اچھے پرفارمرز کو موقع دینے کی بات کی تھی لیکن دس گیارہ میچز کھیلنے والے بچوں کو مشکل کنڈیشنز والے ملک بھیج دیا گیا۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ عثمان خان اور حسنین کو ہم نے رکھا مگر ہم نے اسے جہاں کھلانا چاہئیے تھا وہاں نہیں کھلایا ، جنہیں ساتھ لیکر چل رہے ہیں انہیں کھلایا نہیں جارہا ، جہاں چار اسپنرز کی ضرورت تھی وہاں ایک کھلایا گیا ، جہاں ایک کی ضرورت تھی وہاں چار اسپینرز بھیج دیئے گئے۔

لالہ نے کہا کہ پاکستان ٹیم سیکھنے سکھانے کی جگہ نہیں لیکن قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی ایسے تربیت ہورہی ہے جیسے وہ انڈر فورٹین کی ٹیم ہو۔

سابق کپتان نے کہا کہ پازیٹیو انٹینٹ سنگل ڈبل سے بھی ہوتا ہے ، چھکا، چوکا مارنا اچھی چیز ہے مگر جسے دیکھو شاہد آفریدی بنا ہوا ہے ، کرکٹ میں صرف مستقل کوچ نہیں بلکہ مستقل چیئرمین کی بھی ضرورت ہے۔

شاہد آفریدی نےکہا کہ بابر کو چار سال مگر رضوان کو محض چھے مہینے کپتانی دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر لیگ اور سندھ پریمیر لیگ والوں نے میرے پیسے ابھی تک نہیں دیئے ، سنا ہے کہ کشمیر پریمییئر لیگ والے اب قطر پہنچ گئے ہیں۔

پاکستان