قومی اسمبلی نے غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف قرارداد متقفہ طور پر منظور کر لی۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں ہونے و الے اجلاس کے دوران وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے قرارداد پیش کی۔
قرارداد کے متن کے مطابق اسرائیل کے 18 مارچ سے شروع ہونے والے تازہ حملوں میں 1600 معصوم فلسطینی قتل ہوئے ہیں جس کے بعد غزہ میں ہونے والی کل اموات کی تعداد 65 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
قرارداد میں فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی وحشیانہ حملوں کی مذمت کی گئی۔ قومی اسمبلی میں متفقہ طور پر منظور ہونے والی قرارداد میں غزہ سے اسرائیلی قابض افواج کے فوری اور غیرمشروط انخلا کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
وزیر قانون نےکہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی پر عالمی برادری کی خاموشی کو افسوس ناک ہے۔ اسرائیلی بمباری سے غزہ کا تمام نفراسٹکچر تباہ ہو چکا ہے۔ معصوم بچے، بے گناہ خواتین اور شہری آبادی اور بزرگوں کو بلا تفریق مارا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا حالیہ اسرائیلی کارروائیاں، جو صورت حال کو ایک بار پھر تشویش ناک بنا رہی ہیں ۔ غزہ میں نسل کشی کا عمل جاری ہے اور اس بربریت میں کمی تو نہیں بلکہ مسلسل اضافہ ہوا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہناتھا کہ وزیر اعظم شہاز شریف نے او آئی سی، اقوام متحدہ سمیت عالمی فورمز پر 25 کروڑ پاکستانیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے جرات اور بہادری سے اس مسٔلے پر دوٹوک خیالات کا اظہار کیا اور اسرائیل کے ان وحشیانہ اقدامات کی بھرپور مذمت کی۔