سعودی عرب کے وزیر وفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان کا پیغام رہبر انقلاب اسلامی کو پہنچادیا۔
ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای سے تہران میں ملاقات کی۔جس میں ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری بھی موجود تھے۔
ملاقات کےدوران آیت اللہ علی خامنہ ای نے ایران اور سعودی عرب کے مابین تعلقات کو دونوں ملکوں کے لیے مفید قرار دیا اور کہا کہ بعض عناصر اور طاقتیں تہران اور ریاض کے تعلقات کی دشمن ہیں۔
آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ان دشمنانہ ارادوں پر غلبہ حاصل کیا جائے جس کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران مکمل طور پر تیار ہے۔
شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب بھی تمام شعبوں میں ایران کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔ امید ہے کہ دوطرفہ مذاکرات کے نتیجے میں، سعودی عرب اور اسلامی جمہوریہ ایران کے تعلقات پہلے سے کہیں زیادہ فروغ پائیں گے۔