امریکی عدالت نے فلسطینی نژاد 6 سالہ بچے وادی الفیومی کے قتل کے جرم میں ایک شخص کو 53 سال قید کی سزا سنا دی۔
الجزیرہ کے مطابق غزہ میں اسرائیلی جارحیت شروع ہونے کے چند دن بعد 14 اکتوبر 2023 کو جوزف زوبا نامی شخص نے اپنے فلسطینی نژاد خاتون کرایہ دار حنان شاہین اور اس کے چھوٹے بیٹے 6 سالہ وادی الفیومی پر حملہ کیا۔
پولیس کے مطابق زوبا ان کے گھر میں زبردستی گھسا اور حنان شاہین کا گلا گھونٹنے لگا ۔اس کے ایک ہاتھ میں فوجیوں کے زیر استعمال چاقو تھا۔ جس سے وہ مسلسل دونوں کو نشانہ بنارہا تھا۔
شاہین کو چاقو کے ایک درجن سے زیادہ زخم آئے لیکن وہ مزاحمت کرکے واش روم میں گھس گئی جہاں اس نے پولیس کے ہنگامی رابطہ نمبر پر کال کی۔ اسی دوران زوبا نے وادی الفیومی پر حملے جاری رکھے۔چاقو کے 26 وار لگنے سے بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر زوبا کو گرفتار کرلیا جب کہ وادی الفیومی کی لاش اور حنان شاہین کوزخمی حالت میں اسپتال پہنچادیا۔
کم و بیش پونے دو سال مقدمہ چلنےکے بعد عدالت نے رواں برس فروری میں زوبا کو مجرم قرار دیا تھا ۔ گزشتہ روز فاضل جج ایمی برٹانی تومازیک نے وکیل صفائی کے تمام دلائل رد کرتے ہوئے زوبا کو نفرت پر مبنی جرائم اور قتل کے الزامات ثابت ہونے کے پر 53 سال قید کی سزا سنادی۔