اہم ترین

پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی ہوگئی

عالمی طاقتوں کی جانب سے بیچ بچاؤ کے بعد پاکستان اور بھارت 6 مئی سے جاری لڑائی بند کرنے پر متفق ہوگئے ہیں۔

بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں گذشتہ ماہ ہونے والے حملے کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے چھ اور سات مئی کی شب پاکستان کے مختلف مقامات پر حملے کیے۔اس کے بعد نو اور 10 مئی کی درمیانی شب پاکستان فوج کے مطابق انڈیا نے اس کی تین بیسز کو نشانہ بنایا، جس کے بعد پاک فوج نے بھر پور آپریشن کیا اور دشمن کی کئی اہم تنصیبات کو نقصان پہنچایا۔

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ پاکستان اور انڈیا نے جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔پاکستان اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ کیے بغیر خطے میں ہمیشہ امن اور سکیورٹی کے لیے کوشاں رہا ہے۔

دوسری جانب بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بھی ایکس پر اس حوالے سے ایک پوسٹ میں تصدیق کی اور کہا کہ انڈیا اور اور پاکستان آج فائرنگ اور فوجی کارروائی روکنے پر رضامند ہوگئے ہیں۔

پاک بھارت وزرائے خارجہ سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹرتھ سوشل پر مصدقہ اکاؤنٹ پر کہا کہ رات بھر لمبی ثالثی پر مبنی گفتگو کے بعد ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہے کہ انڈیا اور پاکستان نے مکمل اور فوری سیز فائر پر اتفاق کر لیا ہے۔دونوں ممالک کو دانشمندی کے استعمال پر مبارک ہو۔

پاکستان