اہم ترین

بھارتی جارحیت میں مسلح افواج کے 11 جوان اور 40 شہری شہید ہوئے: آئی ایس پی آر

پاک فوج نے پہلگام واقعے کی آڑ میں بھارتی جارحیت کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ ابلاغ عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق 6 اور 7 مئی 2025 کی شب بھارتی مسلح افواج نے بلا اشتعال اور قابل مذمت بزدلانہ حملے کیے، جس میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، ان میں خواتین، بچے اور بزرگ شامل تھے۔

بھارت کے وحشیانہ حملوں میں 40 شہری شہید ہوئے، جن میں 7 خواتین اور 15 بچے شامل ہیں، بھارتی حملوں میں 121 افراد زخمی ہوئے جن میں 10 خواتین اور 27 بچے شامل ہیں۔

بھارت کی جارحیت کے جواب میں، پاک افواج نے معرکۂ حق کے عنوان سے آپریشن بنیان مرصوص کے تحت بھرپور اور ٹھوس جوابی کارروائی کی، پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کے اہداف کو ٹھیک ٹھیک اور چن کر نشانہ بناتے ہوئے موثر انداز میں بدلہ لیا

وطن عزیز کا دفاع کرتے ہوئے 11 پاک فوج کے جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ 78 زخمی ہوئے۔ شہید ہونے والوں میں نائیک عبدالرحمان، لانس نائیک دلور خان، لانس نائیک اکرام اللہ، نائیک وقار خالد، سپاہی محمد عدیل اکبر، سپاہی نثار جب کہ پاک فضائیہ کے شہداء میں سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف سر فہرست ہیں۔

اس کے علاوہ چیف ٹیکنیشن اورنگزیب،سینیئر ٹیکنیشن نجیب،کارپورل ٹیکنیشن فاروق اور سینیئر ٹیکنیشن مبشر بھی شہدا میں شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء کی عظیم قربانی قوم کے لیے بہادری، لگن اور غیر متزلزل حب الوطنی کی دائمی علامت ہے، یہ عظیم قربانیاں ہمیشہ کے لیے قوم کے ذہنوں میں تازہ رہیں گی۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ افواج پاکستان اور پوری قوم شہید ہونے والے شہریوں اور فوجی جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہیں۔ افواج پاکستان اور پوری قوم اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دل سے دعا گو ہیں۔

پاکستان