وزارت خارجہ نے دنیا بھر میں قید پاکستانیوں کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیر خارجہ سینیٹر اسحق ڈار نے اپنے تحریری جواب میں دنیا بھر میں قید پاکستانیوں کی تفصیلات پیش کردیں۔
جواب میں بتایا گیا ہے کہ مختلف ممالک کی جیلوں میں 23 ہزار 4 سو 56 پاکستانی قید ہیں۔ سعودی عرب میں 12 ہزار 1 سو 56 اور متحدہ عرب امارات کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی تعداد 5 ہزار 2 سو 92 ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستانی مشنز زیر حراست پاکستانیوں کو قونصلر امداد کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔
اجلاس کے دوران پاسپورٹ سے متعلق سوال پر جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ کو خوبصورت اور کلر فل بنانے سے عزت نہیں ملتی۔ اس کی عزت گھر ٹھیک کرنے سے ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ کچھ ناعاقبت اندیش دوست دوسرے ممالک میں مخالف قراردادیں منظور کرائیں گے تو پاسپورٹ کو عزت نہیں ملے گی، 9 مئی کو پاسپورٹ کی جو عزت تھی وہ دس مئی 10 مئی 2025 کو سو گنا بڑھ گئی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاسپورٹ سسٹم میں ایشوز ہیں ایسے لوگوں کو بھی جاری ہوئے جو پاکستانی نہیں تھے، افغان شہریوں کو سب سے زیادہ پاسپورٹ جاری ہوئے۔