آسٹریلیا کے فاسٹ بالر مچل اسٹارک چیمپئنز ٹرافی سے دست بردار ہو گئے ہیں جب کہ کرکٹ آسٹریلیا نے 15 رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان بھی کر دیا ہے.
آسٹریلیا کے دو فاسٹ بالر کپتان پیٹ کمنز اور جوش ہیزل وڈ انجری کی وجہ سے پہلے ہی اسکواڈ سے الگ ہو گئے تھے اور اب مچل اسٹارک کی صورت میں آسٹریلوی بالنگ اٹیک کو یہ تیسرا بڑا دھچکا ہے۔ مچل اسٹارک ذاتی وجوہات کی وجہ سے چیمپئنز ٹرافی نہیں کھیل سکیں گے۔
سلیکشن کمیٹی کے سربراہ جارج بیلی کا کہنا ہے کہ وہ مچل اسٹارک کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی میں آسٹریلوی ٹیم کی قیادت اسٹیو اسمتھ کریں گے جب کہ 15 رکنی اسکواڈ میں سین ایبٹ، الیکس کیری، مارنس لبوشین، ٹریوس ہیڈ، نیتھن ایلس، گلین میکسویل، میتھیو شارٹ، بین ڈارشوس، جیک فراسر، ایرون ہارڈی، جوش انگلس، اسپینسر جانسن، تنویر سانگا اور ایڈم زمپا شامل ہیں۔
آسٹریلوی ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 22 فروری کو انگلینڈ کے خلاف لاہور میں کھیلے گی۔آسٹریلیا کا دوسرا میچ 25 فروری کو جنوبی افریقہ کے خلاف راولپنڈی میں شیڈول ہے جب کہ تیسرا گروپ میچ 28 فروری کو افغانستان کے خلاف لاہور میں کھیلا جائے گا۔