امریکا کے صدر ڈونلڈٹرمپ نے ایران سے ایٹمی پروگرام پر معاہدے کے لئے آیت اللہ علی خامنہ ای کو خط لکھ دیا۔
امریکی نشریاتی ادارے فوکس بزنس نیٹ ورک کو انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران سے دو طریقوں سے نمٹا جا سکتا ہے، ایک فوجی طریقہ ہے اور دوسرا آپ ایک معاہدہ کرلیں۔ وہ معاہدے کرنے کو ترجیح دیں گے کیوں کہ وہ ایران کو نقصان پہنچانا نہیں چاہتے۔ وہ اچھے لوگ ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ وہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے پر بات چیت کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے انہوں نے جمعرات کو ایران کی قیادت کو ایک خط بھی بھیجا ہے۔ امید ہے کہ ایران کی قیادت بات چیت پر رضامند ہو جائے گی
رائٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے فوری طور پر اس کی کوئی وضاحت نہیں کی گئی کہ ٹرمپ نے خط کسے لکھا ہے لیکن بظاہر یہ خط ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو لکھا گیا ہے۔
دوسری جانب ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ اور دھمکیوں کی پالیسی ترک کرنے تک براہِ راست مذاکرات نہیں کئے جائیں گے۔