اہم ترین

لیوی میں 10 روپے فی لیٹر اضافہ؛ عوام پیٹرول اور ڈیزل پر ریلیف سے محروم

حکومت نے لیوی 10 روپے فی لیٹر بڑھاکر عوام کو پیٹرول اور ڈیزل پر ممکنہ ریلیف سے محروم کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ اور درآمدی پریمیم کی وجہ سے 31 مارچ کو ختم ہونے والے اگلے 15 دن کے لیے تمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 14 روپے فی لیٹر تک کمی کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔

اس طرح پیٹرول 240 روپے فی لیٹر تک ہوجانا تھا لیکن حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے لیوی بڑھا دی۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق 31 مارچ تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی رد و بدل نہیں کیا گیا۔ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ پر فی لیٹر لیوی 60 روپے سے 70 روپے کردی گئی ہے۔

یاد رہے کہ 28 فروری کو ہائی اسپیڈ ڈیزل 5 روپے 31 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا تھا، جبکہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 50 پیسے کمی کی گئی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 255 روپے 63 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 258 روپے 64 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔

پاکستان