ماڈل اور اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر کے خلاف کروڑوں روپے کے فراڈ کا مقدمہ چل رہا ہے لیکن تحقیقات کے دوران وہ بھی اس سے فائدہ اٹھانے والوں مین شامل نکلی ہیں۔
نادیہ حسین کے شوہر عاطف خان کو نجی بینک کے ذیلی ادارے میں مالی بے ضابطگی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا ۔
عاطف خان پر الزام ہے کہ انہوں نے نجی بینک کے ذیلی ادارے میں بطور سی ای او اپنے عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے تقریباً 54 کروڑ روپے کی خرد برد کی۔
اس معاملے کی تحقیقات ایف آئی اے کررہی ہے۔ اور تفتیش کے دوران نادیہ حسین کا بینک اکاؤنٹ بھی استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ عاطف خان کمپنی کے پیسوں سے ذاتی اکائونٹس چلاتا تھا، ملزم کی جانب سے نادیہ حسین کے سیلون کے اکاؤنٹس میں دوکروڑ 64 لاکھ روپے سے زائد کی رقم منتقل کی گئی۔
حکام کا کہناہے کہ فراڈ کے پیسے سلون میں ائے جس کی مزید تفتیش کررہےہیں۔ ایف آئی اے نے عید کے بعد نادیہ حسین کو طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا، نادیہ حسین کو ایک یا دو روزمیں پیشی کانوٹس جاری کیا جائے گا۔
نادیہ حسین سے کسی شخص نے خودکو ایف آئی اے افسر ظاہر کرکے رقم کا مطالبہ کیا تھا۔ نادیہ حسین نے آڈیو ریکارڈ کرکے ریلیز کردیا۔ تاہم رشوت طلب کرنے والا شخص جعلساز نکلا ۔ جس پر ایف آئی اے نے انہیں طلب کرلیا تھا۔
ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ نادیہ حسین نے شکایت درج کروانے کے بجائے سوشل میڈیا پر ایف آئی اے کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے۔