اہم ترین

حج پروازیں 28 مئی سے شروع، 90 ہزار عازمین سرکاری کوٹے پر جائیںگے: وزیر مذہبی امور

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و ہم آہنگی سردار محمد یوسف کا کہنا ہے حاجیوں کے لیے بہترین انتظامات کیے جائیں گے، رواں سال سرکاری اسکیم کے تحت 90 ہزار افراد حج کریں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ وہ 2013 سے 2018 تک اسی منصب پر فائز رہے ہیں، ہماری کوشش تھی کہ عام فرد حج کرسکے، اب انٹرنیشنل سطح پر حج 10 لاکھ 50 ہزار روپے تک چلا گیا ہے، قلیل مدتی حج پیکیج 21 سے 22 روز کےلئے ہوتا ہے وہ 11 لاکھ 50 ہزار روپے میں ہو گا، جو پیسے بچ جاتے ہیں وہ حاجی کو واپس کردیے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حج میں اب 2 مہینے باقی رہ گئے ہیں۔ ملک بھر سے حج پروازیں 28 مئی سے شروع ہوگی، 90 ہزار حاجی سرکاری طور پر جائیں گے، عازمین کی تربیت کا پہلا سیشن مکمل ہو گیا ہے، دوسرے مرحلے کا تربیتی کیمپ 8 اپریل سے شروع ہوگا، حجاج وہاں تیاری کے ساتھ جائیں، ٹریننگ پر زیادہ کام کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور کا کہنا تھا کہ حجاج کی سہولت کےلئے میڈیکل مشن، ٹرانسپورٹ سمیت دیگر انتظامات بہتر کیے ہیں، یہ انتظامات سعودی حکومت خود کرتی ہے۔

حرمین شریفین میں بھیک مانگنے والے پاکستانی عازمین کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ مجھے یہ آج تک اطلاع نہیں ہے کہ کسی حاجی نے  بھیک مانگی ہو۔ لیکن اگر ایسا ہوا تو انہیں لے جانے والے ٹور آپریٹرز کے لائسسن منسوخ کردیئے جائیں گے۔

پاکستان