پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے چھٹے میچ میں روایتی حریف لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 65 رنز سے شکست دے کر میدان مار لیا۔
کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔جب کہ کراچی کنگز کی پوری ٹیم آخری اوور کی پہلی گیند پر 136 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔
فخر اور مچل کی دھواں دھار اننگز
لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان 77 اور ڈیرل مچل 75 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ان کے علاوہ سیم بلنگز 19، محمد نعیم سات، عبداللہ شفیق چھ اور راشد حسین دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سکندر رضا 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی نے چار جبکہ عباس آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
کراچی کے سارے کھلاڑی فیل
کراچی کنگز کی بیٹنگ کو ابتدا میں ہی قلندرز کے کپتان شاہین نے دبوچ لیا، پہلے ہی اوور میں کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر اور گزشتہ میچ کے ہیرو جیمز ونس کو صفر پر پویلین لوٹا دیا۔
دو اہم وکٹیں پہلے ہی اوور میں گنوانے کے بعد کراچی کنگز کی ٹیم کو دوبارہ میچ میں آنے کا موقع نہ مل سکا اور پوری ٹیم 136 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
کراچی کنگز کی جانب سے خوشدل شاہ نے سب سے زیادہ 39 رنز بنائے جبکہ حسن علی 27 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے۔
قلندر کے کپتان شاہین آفریدی اور راشد حسین نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سکندر رضا ، حارث رؤف اور آصف آفریدی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔