پاکستان میں حج آپریشن کا آغاز ہوگیا، قومی ایئرلائن کی پہلی حج پرواز 442 عازمین کو لے کر اسلام آباد سے مدینہ روانہ ہوگئی۔
حج آپریشن کی پہلی پرواز پی کے 713 آج صبح 442 عازمین کو لے کر اسلام آباد سے مدینہ روانہ ہوگئی۔ عازمین حج کو وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف، پاکستان میں سعودی سفیر نواف المالکی اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ائیر وائس مرشل عامر حیات نے رخصت کیا ۔
آج ہی کے روز کوئٹہ سے پہلی حج پرواز پی کے 7201 صبح 10 بجے 170 حجاج کو لے کر روانہ ہوگی۔ لاہور سے پہلی حج پرواز پی کے 747 رات 10 بجے 323 مسافروں کو لے کر مدینہ روانہ ہوگی۔
پی آئی اے 35 ہزار 200 سرکاری عازمین حج کو 117 سے زائد خصوصی پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچائے گا۔ پہلے مرحلے میں حجاج کرام کی خصوصی پروازیں پاکستان سے مدینہ کے لیے روانہ ہوگی، دوسرے مرحلے میں پروازیں جدہ جائیں گی۔
قومی ایئر لائن کے ترجمان کےمطابق پی آئی اے پاکستان کے 6 بڑے شہروں اسلام اباد ، کراچی ، لاھور ، پشاور ، ملتان ، اور کوئٹہ سے براہ راست حج پروازیں آپریٹ کرے گی۔
اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹ پر سعودی حکومت کی روڈ ٹو مکہ کی سہولیات دستیاب ہوں گی، روڈ ٹو مکہ کے تحت عازمین حج کی ون ٹائم امیگریشن پاکستان میں ہی ہوگی۔ عازمین کو سعودی عرب میں امیگریشن کی ضرورت نہیں ہوگی۔
پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 31 مئی تک جاری رہے گا، بعد از حج آپریشن کا آغاز 10 جون سے لیکر 10 جولائی تک جاری رہے گا۔۔