ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک کو مشیر قومی سلامتی مقرر کردیا گیا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک کو مشیر قومی سلامتی کا اضافی چارج دے دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک تقرری کا چارج فوری سنبھالیں گے۔
ان کی تقرری پہلی بار ہے جب آئی ایس آئی کا کوئی حاضر سروس سربراہ بیک وقت مشیر قومی سلامتی کے طور پر خدمات انجام دے گا۔
قومی سلامتی کے مشیر کا عہدہ اپریل 2022 سے خالی تھا، جب سابق وزیر اعظم عمران خان کے اعتماد کا ووٹ ہارنے کے بعد پی ٹی آئی حکومت کو برطرف کر دیا گیا تھا، اس وقت معید یوسف یہ خدمات انجام دے رہے تھے۔
یہ تقرری ایسے وقت میں کی گئی ہے جب حال ہی میں پہلگام حملے کے بعد بھارت کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
مشیر قومی سلامتی، وفاقی وزیر کا درجہ رکھتا ہے، اور قومی سلامتی، خارجہ پالیسی اور اسٹریٹجک امور کے معاملات پر وزیر اعظم کے پرنسپل مشیر کے طور پر کام کرتا ہے۔
مشیر (این ایس) اسلام آباد میں وزیراعظم سیکریٹریٹ میں قائم قومی سلامتی ڈویژن کے سربراہ بھی ہیں۔