اہم ترین

جو سندھو پر حملہ کرے گا اس سے لڑیں گے، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمارا مشن سندھو کو بچانا تھا اور ہم نے مل کر سندھو کو بچا لیا ہے۔جو سندھو پر حملہ کرے گا ہم اس سے لڑیں گے۔

میرپور خاص میں جلسے سےخطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام اور پیپلزپارٹی نے مل کر جمہوریت کو بحال کیا اور دو آمروں کو گرایا، ہم نے مزدوروں، طلبا، نوجوانوں، خواتین، اقلیتوں سمیت ہر ایک کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں جب نہریں نکالنے کا فیصلہ کیا گیا تو سازشی عناصر اور سیاسی یتیم جشن منانے لگے، وہ سمجھ رہے تھے کہ ان کی طرح ہم بھی عوام کے حقوق پر سودا کرلیں گے۔ ان جماعتوں کو ہمیشہ اقتدار کا موقع غیر جمہوری قوتوں کا ساتھ دے کر ملا۔ ہر بار انہوں نے عوام کے حقوق پر سمجھوتہ کیا، مگر پیپلزپارٹی کسی کے آگے نہیں جھکتی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم نے طے کیا کہ ہم نیا کینال نہیں بننے دیں گے، کینال کے معاملے پر مخالفین نے صدر زرداری کو نشانہ بنایا، کینال نہ بننا عوام کی کامیابی ہے، عوام کی اجازت کے بغیر کوئی نیا کینال نہیں بنے گا، سندھو صرف دریا نہیں، ہماری لائف لائن ہے۔ سندھ کو بچانے کی تحریک میں ساتھ دینے پر سول سوسائٹی اور وکلا کا شکر گزار ہوں، ہمارا مشن تھا کہ ہمیں سندھو کو بچانا ہے اور ہم نے مل کر سندھو کو بچا لیا ہے.

پاکستان