اہم ترین

اے آئی 18 ماہ میں کوڈرز کی نوکریاں کھاجائے گا: مارک زکربرگ کی پیشگوئی

اگر آپ ایک سافٹ ویئر ڈویلپر ہیں تو آپ نے یہ ضرور سنا ہوگا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) مستقبل میں آپ کے کام کی جگہ لے سکتا ہے۔ حال ہی میں، مارک زکربرگ نے اس تبدیلی کے حوالے سے ایک ممکنہ وقت کی حد شیئر کی ہے۔

ایک پوڈکاسٹ گفتگو میں مارک زکربرگ نے کہا کہ اگلے 12 سے 18 مہینوں کے اندر، ان کی کمپنی میٹا کے لاما پروجیکٹ کا زیادہ تر کوڈ اے آئی کے ذریعے لکھا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اے آئی پہلے ہی ایک ماہر ڈویلپر کی طرح کارکردگی دکھا رہا ہے اور اب وہ کوڈ کے کچھ حصے خود بخود مکمل کرنے کے قابل ہو چکا ہے۔

مارک زکربرگ کا ماننا ہے کہ جلد ہی آرٹیفیشل انٹیلیجنس سب سے بہترین پروگرامر سے بھی آگے نکل جائے گا اور بغیر انسانی مداخلت کے اعلیٰ معیار کا کوڈ لکھ سکے گا، اسے ٹیسٹ کرے گا اور بگ بھی تلاش کر لے گا۔

زکربرگ نے بتایا کہ میٹا میں کئی اے آئی پر مبنی کوڈنگ ٹولز پر کام جاری ہے۔ حالانکہ کمپنی کا مقصد انہیں بیچنا نہیں ہے بلکہ یہ ٹولز میٹا کے اندرونی کاموں اور تحقیق کو آسان بنانے کے لیے تیار کیے جا رہے ہیں۔

مارک زکربرگ پہلے بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ آنے والے وقت میں ایپس کا سارا کوڈ اے آئی کے ذریعے لکھا جائے گا اور یہ مڈ-لیول سافٹ ویئر انجینئرز کو مکمل طور پر تبدیل کر سکتا ہے۔

اسی سوچ کی حمایت اینتھروپک کے سی ای او ڈیریو امودئی بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے اندازہ لگایا ہے کہ سال 2025 کے آخر تک AI کے ذریعے تقریباً 100 فیصد کوڈ تیار کیا جا سکے گا جبکہ آنے والے 3 سے 6 ماہ میں یہ اعداد و شمار 90 فیصد تک ہوسکتے ہیں ۔

پاکستان