اہم ترین

ایٹمی طاقت آپ بھی ہیں اور ہم بھی ہیں : نور الہدی شاہ کی بھارت کو وارننگ

معروف ادیبہ اور ڈراما نگار نور الہدی شاہ کا کہنا ہے کہ جنگ ایک جنون ہے اور جنون میں جو پہل کرتا ہے وہ جنونی ہوتا ہے اور یہ قابل مذمت ہے ۔۔

کراچی آرٹس کونسل میں پریس کانفرنس کے دوران نور الہدی شاہ نے کہا کہ پاکستانی میڈیا تحمل کے ساتھ چنے ہوئے الفاظ کے ساتھ بات کررہا ہے۔ میں بھارتی میڈیا پر حیران ہوں، آپ لوگوں کو اکسا رہے ہیں، آپ بھول گئے ہیں کہ گھر پر آپ کے بچے سو رہے ہیں، آپ عوام کو یرغمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایٹمی طاقت آپ بھی ہیں اور ہم بھی ہیں ، ہم نہیں سوچ سکتے کہ ہم کسی بچے کو ماریں۔ اس وقت پاک بھارت کے ادیبوں اور فنکاروں کو سوچ سمجھ کر لکھنا بولنا ہے۔ ابھی بربادی کے لیے بھارت کا میڈیا اکسا رہا ہے ۔۔

نورالہدیٰ شاہ نے کہا کہ اداکار ، فنکار ،ادیب کا کام امن ہے اور آپ کیسے جنگ چاہ رہے ہیں ۔ ہم پچیس کروڑ انسانی جانوں کے بچاؤ کے لیے امن کی بات کرتے ہیں لیکن اگر حملہ ہوگا تو جواب ملے گا۔

دریاؤں کے بہاؤ کو روکنے سے متعلق بھارتی اعلان پر نورالہدیٰ شاہ نے کہا کہ دریائے سندھ کا راستہ روکنا آسان نہیں۔ یہ قدرت کا بہاؤ ہے اس کو کوئی نہیں روک سکتا۔ سندھو دریا کے بارے میں آپ کی ہی تعریف لکھی گئی ہے ۔ پانی کو روکنا بہت بڑی بات ہے ، پاکستان خالی ہاتھ نہیں بیٹھا ہوا۔ مگر پاکستان یہ چاہتا ہے کہ جس ہاتھ میں ہتھیارہے اس میں قلم ہو۔۔

پاکستان