انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انگلینڈ کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اگلے 3 فائنل کی میزبانی دے دی ہے۔ یہ فیصلہ سنگاپور میں منعقدہ 4 دن کی سالانہ جنرل میٹنگ (اے جی ایم) میں لیا گیا۔
اتوار کو جاری کردہ میڈیا ریلیز کے مطابق انگلینڈ 2027، 2029 اور 2031 میں ہونے والے ڈبلیوٹی سی فائنل کی میزبانی کرے گا۔ انگلش بورڈ کو یہ میزبانی پچھلے 3 کامیاب انعقاد کو مدنظر رکھتے ہوئے دی گئی۔
واضح رہے کہ سابق بھارتی کپتان روہت شرما نے 2023 میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل ہارنے کے بعد انگلینڈ کو مسلسل میزبانی دینے پر سوال اٹھائے تھے۔
روہت نے کہا تھا کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے لیے ایک مقابلے کے بجائے 3 میچوں کی سیریز ہونی چاہیے۔ ہمیں صرف جون میں یہ مقابلہ نہیں کھیلنا چاہیے۔ اسے فروری اور مارچ میں بھی کھیلا جا سکتا ہے۔ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل صرف انگلینڈ میں ہی نہیں، بلکہ دنیا کے باقی ممالک میں بھی کھیلا جا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ فرانس کرکٹ ایسوسی ایشن کے گُرُمُرتی پلانی، ہانگ کانگ کے انوراگ بھٹناگر اور کینیڈا کے گُردیپ کلیر کو آئی سی سی چیف ایگزیکٹو کمیٹی کے ایسوسی ایٹ ممبرز ممالک کا نمائندہ بنایا گیا ہے۔تیمور اور زمبیا کو آئی سی سی نے ایسوسی ایٹ ممبرز کا حصہ بنا لیا۔ اب آئی سی سی میں 110 رجسٹرڈ ممالک ہو گئے ہیں۔
آئی سی سی نے افغان نژاد خواتین کرکٹرز کو آگے لانے کے لئے بھارت،، انگلینڈ اورآسٹریلیا کے کرکٹ بورڈز کے ساتھ مل کر پروگرام شروع کیا ہے۔ جو ڈپٹی چیئر عمران خواجہ کی نگرانی میں چلے گا۔ ان میں ہائی پرفارمنس ٹریننگ، ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے مواقع اور 2 بڑے ٹورنامنٹس میں شرکت شامل ہوگی۔
امریکی کرکٹ بورڈ کو بھی آئی سی سی نے تین ماہ میں انتخابات کروانے کا الٹی میٹم دے دیا۔ عمل نہ کرنے پر امریکی بورڈ کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔