بالی ووڈ انڈسٹری میں گزشتہ 4 دہائیوں سے لوگوں کو ہنسانے والےکامیڈین جونی لیور آج کل کی فلموں اور اسٹینڈ-اپ کامیڈی پر دل برداشتہ ہیں ۔ انہوں نے بےہودگی اور ڈبل معنی والے لطیفے کرنے والے کامیڈینز پر تنقید کی ہے اور چیلنج بھی دیا ہے۔
بھارتی میدیا کے مطابق اداکارہ کنیکا سدانند سے گفتگو کے دوران جونی لیور نے بھارتی کامیڈی میں آئی منفی تبدیلیوں پر مایوسی ظاہر کی۔ انہوں نے ہالی ووڈ کے بڑھتے اثر کو ان سب کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا۔
جونی لیور نے کہا کہ ہالی ووڈ فلموں کی وجہ سے لوگ آج کل کھلے عام گالیاں دے رہے ہیں۔ وہاں پر بےہودہ زبان کا استعمال کرنا اور بے ہودہ لطیفے کرنا عام بات ہے۔ اب ایکٹرز اور کامیڈین بھی ان کی نقل کر رہے ہیں۔ انہوں نے اسے عادت بنا لیا ہے۔ وہ اب صرف انگریزی فلمیں ہی دیکھتے ہیں۔
لیجنڈ کامیڈین نے کہا کہ آج کل کے اداکار ہالی ووڈ سے بالکل ویسی چیزیں سیکھ لیتے ہیں اور یہ سوچتے ہیں کہ چلے گا، کیا فرق پڑتا ہے۔ اسی وجہ سے ذومعنی باتیں عام ہو گئی ہیں۔
جونی لیور نے کہا کہ جب ہمیں کامیڈی کی تربیت دی گئی تھی تو سکھایا گیا تھا کہ کبھی اس طرح کی چیزیں نہ کریں۔ اگر ہم ذومعنی باتیں کرنے لگیں تو یہ نئے لوگ ہمارے سامنے ٹک بھی نہیں پائیں گے۔ ان کی حیثیت نہیں کہ ہمارے سامنے ٹک سکیں۔ لیکن ہم نے وہ راستہ نہیں اپنایا۔