دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ کے پہلے دن پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگ میں 211 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جب کہ جنوبی افریقا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 82 رنز بنا لیے ۔
سینچورین میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقا نے تاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ان کی توقع کے مطابق درست رہا۔ پاکستان کی پوری ٹیم 211 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔
قومی ٹیم کی جانب سے اوپننگ کا آغاز صائم ایوب اور کپتان شان مسعود نے کیا، 36 کے مجموعی اسکور پر شان مسعود 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کی دوسری وکٹ 40 رنز پر صائم ایوب کی صورت میں گری ، انہوں نے 14 رنز بنا ئے۔ صرف ایک رن کے اضافے کے بعد بابر اعظم بھی پویلین لوٹ گئے۔ وہ صرف 4 رنز بناسکے۔
نائب کپتان سعود شکیل بھی کریز پر زیادہ دیر قیام نہ کرسکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 14 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ 56 رنز پر پاکستان کے 4 بہترین کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔
اس موقع پر کامران غلام اور محمد رخوان نے ٹیم کو سہارا دیا اور دونوں نے 81 رنز کی شراکت داری قائم کرکے اسکور 137 تک پہنچادیا۔
اسی دوران کامران غلام نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ 137 رنز کے اسکور پر وہ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کا اسکور 142 رنز ہوا تو محمد رضوان کی مزاحمت بھی ختم ہوگئی۔ وہ 27 رنز بناسکے۔
اس موقع پر سلمان علی آغا اور عامر جمال اسکور کو 189 تک لے گئے۔ عامر جمال نے 28 رنز بنائے۔ اسی مجموعے پر سلمان علی آغا بھی ہمت ہار گئے۔ وہ 18 رنز بناسکے۔ نسیم شاہ تو اپنا کھاتہ بھی نہ کھول پائے ۔ وہ 189 کے مجموعے پر پاکستان کا نواں نقصان تھے۔
خرم شہزاد اور محمد عباس نے آخری وکٹ پر اننگز کو آگے بڑھانا شروع کیا اور اسکور کو 211 رنز تک لے گئے۔ خرم شہزاد 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد عباس 10 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقا کے 3 وکٹوں پر 82 رنز
ایڈم مارکرم اور ٹونی ڈی زوزی نے پروٹیز اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستان کو پہلی اور دوسری کامیابی خرم شہزاد نے دلائی۔ ٹونی ڈی زورزی 2 اور ریان ریکلٹن 8 رنز پر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقا کی تیسری وکت 66 رنز پر گری۔ محمد عباس نے ٹرسٹن اسٹبس کو 9 رنز پر آؤٹ کیا۔ کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقا نے 3 وکٹ پر 82 رنز بنا لیے، ایڈن مارکرم 47 اور ٹمبا باووما 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔
پروٹیز کو پاکستان کا اسکور برابر کرنے کیلئے مزید 129 رنز کی ضرورت ہے اور اس کی 7 وکٹیں باقی ہیں۔