بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کے گھر کے باہر سیکیورٹی ایک مرتبہ پھر سخت کردی گئی ہے۔ جس سے اندازہ لگایا جارہا ہے کہ بھارتی فلم نگری کا سلطان ایک بار پھر خطرے میں ہے۔
سال 2024 سلمان خان کے لیے بہت مشکل رہا ہے۔ اداکار کو مسلسل جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں، خاص طور پر بشنوئی گینگ کی طرف سے۔ اداکار اور ان کے خاندان کو کئی بار سخت سیکورٹی دی گئی ہے۔
اب جیسے ہی نیا سال شروع ہوا ہے، سلمان خان کی فیملی ایک بار پھر اپنی حفاظت کو لے کر زیادہ محتاط ہوگئی ہے۔ کیونکہ ممبئی میں ان کے گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ اس کے لیے ٹھوس انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ اس کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سلمان خان کے گھر کے باہر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ کچھ ملازم اس کے گھر کے باہر کچھ گیجٹس لگا رہے تھے۔ یہ سی سی ٹی وی کیمرے ہیں یا کچھ اور اس بارے میں کوئی تفصیلات نہیں ہیں۔ لیکن ایسا لگتا ہے کہ حکام کوئی خطرہ مول نہیں لینا چاہتے اور سپر اسٹار کو زیادہ سے زیادہ سیکیورٹی فراہم کرنا چاہتے ہیں۔
انسٹاگرام پر جاری ویڈیو کے ساتھ تحریر کیا گیا ہے کہ گلیکسی اپارٹمنٹ (سلمان خان کے گھر) میں سیکیورٹی کے نظام کو بہتر بنایا گیا ہے۔ حالیہ ناخوشگوار واقعات اور دھمکیوں کے درمیان سلمان خان نے اپنے گھر کے ارد گرد سیکیورٹی بڑھانے کے لیے اقدامات کیے ہیں تاکہ ان کے گھر اور ان کے آس پاس کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جاسکے۔
دریں اثناء گزشتہ سال اپریل میں علی الصبح سلمان خان کے گھر کے باہر موٹر سائیکل پر سوار دو افراد نے فائرنگ کر دی تھی۔ بشنوئی گینگ نے اس کی ذمہ داری لی۔ اس کے بعد اکتوبر میں اداکار کے بہت اچھے دوست اور سیاست دان بابا صدیقی کو ممبئی میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ اس کی ذمہ داری بھی بشنوئی گینگ نے قبول کی اور سپر اسٹار کی مدد کرنے والوں کو خبردار کیا۔