اہم ترین

گووندا اور سنیتا ایک ہی گھر میں کیوں نہیں رہتے؟ اداکار کی اہلیہ نے وجہ بتادی

بالی ووڈ اسٹار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کی طلاق کے بارے میں افواہیں پھیل رہی ہیں۔ ادھر گووندا کے وکیل نے کہا ہے کہ سنیتا نے چھ ماہ قبل گووندا کو طلاق کا نوٹس بھیجا تھا لیکن اب جوڑے نے اپنے اختلافات دور کر لیے ہیں۔ تاہم گووندا اور سنیتا ایک ساتھ نہیں رہتے بلکہ الگ الگ گھروں میں رہتے ہیں۔ اسی دوران سنیتا آہوجا کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ گووندا سے الگ رہنے کی وجہ بتا رہی ہیں۔

اپنے ایک انٹرویو دیتے ہوئے سنیتا نے انکشاف کیا تھا کہ وہ اور گووندا الگ الگ گھروں میں رہ رہے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ 12 سا سے اپنی سالگرہ اکیلے منانے کا بھی ذکر کیا۔ اب وائرل ویڈیو میں سنیتا گووندا سے دور رہنے کی اصل وجہ بتاتی نظر آرہی ہیں۔

کلپ میں سنیتا کہتی ہیں، ہم الگ الگ رہتے ہیں، یعنی جب اسے سیاست میں آنا تھا، جب میری بیٹی بڑی ہو رہی تھی، تمام کارکن گھر آتے تھے۔ اب ہماری ایک جوان بیٹی ہے، ہم شارٹس پہن کر گھر میں گھومتے ہیں، اسی لیے ہم نے سامنے دفتر لے لیا۔

گووندا نے سنیتا سے مارچ 1987 میں شادی کی تھی۔ جوڑے کے 1988 میں بیٹی ہوئی تھی جس کا نام ٹینا ہے ۔ اس کے علاوہ ان کا ایک بیٹا یشوردھن بھی ہے۔ سنیتا اکثر سوشل میڈیا پر گووندا اور اپنے بچوں کے ساتھ تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں۔

گزشتہ ہفتے متعدد بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ گووندا اور سنیتا آہوجا نے مسلسل اختلاف اور مختلف طرز زندگی کی وجہ سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بھی کہا گیا کہ گووندا کی 30 سالہ مراٹھی اداکارہ کے ساتھ بڑھتی قربتیں مبینہ طور پر ان کی بیوی سے علیحدگی کی وجہ ہیں۔ تاہم ان کی ٹیم نے ان تمام قیاس آرائیوں کی تردید کی ہے۔

پاکستان