چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دورسے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کو 50 رنز سے ہرادیا۔ اب فائنل میں بھارت کا مقابلہ کیویز سے ہوگا۔
لاہور کے قذافی کرکٹ اسٹیڈیم مٰں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کو 363 رنز کا بھاری بھرکم ہدف دیا ۔ جواب میں پروٹیاز 312 رنز ہی بناسکے۔ اور اس طرح نیوزی لینڈ نے میچ 50 رنز سے جیت کر فائنل کے لئےکوالیفائی کرلیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ول ینگ نے راچن رویندرا کے ساتھ بیٹنگ کا آغاز کیا۔ کیویز کی پہلی وکٹ 48 رنز پر گری۔ ول ینگ 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ول ینگ کے بعد راچن رویندرا اور کین ولیمسن نے جنوبی افریقا سے میچ چھین لیا۔ دونوں نے اسکور کو 212 رنز پر پہنچا دیا۔ راچن رویندرا نے 108 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
108 کے بعد کین ولیمسن نے ڈیرل مچل کے ساتھ اسکور کو ۤگے بڑھایا۔ اسی دوران کین ولیمسن نے اپنی سینچری مکمل کی۔ وہ آؤٹ ہوئے تو اسکور 251 رنز ہوچکا تھا۔ اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ٹام لیتھم تھے جو صرف 4 رنز ہی بناسکے۔
ڈیرل مچل نے 37 گیندوں پر 49 رنز کی اننگز کھیلی اور گلین فلپس نے بھی 27 گیندوں پر 49 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور 6 چوکے شامل تھے۔
اس طرح نیوزی لیند مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 362 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔
جنوبی افریقا کی بیٹنگ
چیمپئنز ٹرافی کے سب سے بڑے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی پہلی وکٹ 20 رنز پر ہی گرگئی جب ریان رکلٹن 17 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔
کپتان ٹمبا باووما نے راسی وین ڈار ڈوسن کے ساتھ ملکر 105 رنز کی شراکت قائم کی، اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی نصف سینچریاں مکمل کیں لیکن دونوں اپنی اننگز کو آگے نہیں بڑھاسکے۔ ٹمبا 56 رنز اور ڈوسن کی اننگز 69 رنز پر ختم ہوگئی، جس کے بعد ایڈن مارکرم بھی 31 رنز ہی بناسکے۔
ہینرک کلاسن صرف 3 رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے۔دیگر کھلاڑیوں میں ویان ملڈر 8، مارکو جانسن 3، کیشو مہاراج 1، کاگیسو ربادا 16 رنز بناسکے، ڈیوڈ ملر آخر تک وکٹ پر ڈٹے رہے اور انہوں نے آخری گیند پر اپنی سینچری مکمل کی، وہ 67 گیندوں پر 100 رنز بنانے میں کامیاب رہے جس میں 4 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔