پی ٹی آئی سے بےدخل کئے گئے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ عید الفطر کے بعد پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک بن رہا ہے۔
نجی ٹی وی سنو نیوز میں پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نےکہا کہ تحریک انصاف میں ایک شخص صبح ہیرو ہوتا ہے اور شام کو زیرو، میں نے فیصل چوہدری سے پوچھا تمہیں پی ٹی آئی سے کیوں نکالا،تو انہوں نےکہا کہ مجھے خود نہیں پتہ کہ مجھے کیوں نکالا۔
شیر افضل مروت نےکہا کہ میں اب خاموش نہیں رہوں گا سب کچا چٹھا کھول دوں گا، تحریک انصاف دن بدن کمزور ہوتی جا رہی ہے، پی ٹی آئی جتنی کمزور ہوگی فائدہ جے یو آئی کو ہی ہوگا ۔ پارٹی سے مجھے نکالنے کی ایک بڑی وجہ مولانا فضل الرحمن کو خوش کرنا تھا ۔ میرے پارٹی سے نکالے جانے سے علی امین گنڈاپور نکل جانے سے بچ گیا۔
جے یو آئی سے اتحاد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مولانا صاحب کبھی اینٹی اسٹیبلشمنٹ نہیں ہو سکتے، مولانا صاحب کو گرینڈ الائنس کی قیادت مل جائے تو وہ راضی ہو جائیں گے۔
رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ عید کے بعد پی ٹی آئی سے زیادہ تر لوگ پنجاب سے نکالے جائیں گے، عید کے بعد پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک بننے جا رہا ہے جس میں 16لوگ شامل ہوں گے۔ میں ایسے کسی بلاک کا حصہ نہیں بن سکتا جو بانی پی ٹی آئی کے خلاف ہو۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کی ترجمان کو ہٹا کر چار اور ترجمان لگائے دیے گئے،جلدہی بشریٰ بی بی کی ضمانت ہو جائے گی۔ عمران خان کو کوئی اصل حقائق نہیں بتاتا۔ جب بانی پی ٹی آئی اور میں آمنے سامنے ہوں گے تو ساری باتیں ختم ہو جائیں گی۔