پنجاب حکومت نے پاکستان میں کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ پی ایس ایل 10 کے میچزکے پر امن انعقاد کے لئے پاک فوج اور رینجرز کی خدمات طلب کرلیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق پاکستان سپر لیگ میں بین الاقوامی کرکٹرز اور میچ آفیشلز شرکت کر رہے ہیں ۔ جس کے کے باعث یہ ہائی پروفائل ایونٹ ہے۔ لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں میچز، ٹیموں کے قیام اور سفر کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات ہوں گے۔
لاہور ، راولپنڈی اور ملتان کیلئے رینجرز کے 1، 1 ونگ اور آرمی کی 2، 2 کمپنیوں کی خدمات طلب کی گئی ہیں۔ آرمی اور رینجرز کی خدمات کیلئے وفاقی وزارت داخلہ کو باضابطہ درخواست بھجوا دی گئی ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب تینوں اسٹیشنز پر اسپیشل سروسز گروپ کے کمانڈوز اور آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز کی خدمات بھی طلب کی گئی ہیں۔
پاکستان سپر لیگ ایڈیشن 10 کے میچز 11 اپریل سے 18 مئی تک شیڈول ہیں۔ سکیورٹی کیلئے دستوں کی خدمات 6 اپریل سے 19 مئی تک طلب کی گئی ہیں۔