اسرائیلی افواج نے غزہ میں بمباری تیز کردی، مختلف علاقوں میں تازہ کارروائیوں کے دوران مزید 90 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق غزہ میں حماس کے زیر انتظام وزارت صحت نے بتایا ہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران اسراےئیلی افواج کی جانب سے کیے گئے حملوں سے 90 افراد شہید ہوئے ہیں۔ جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
غزہ پٹی میں وزارت صحت کے مطابق کچھ افراد ایسے علاقوں میں بھی مارے گئے ہیں، جو اقوام متحدہ کی جانب سے انسانی ہمدردی کے زون قرار دیے گئے تھے۔
اسرائیل نے غزہ کے دوسرے بڑے شہر خان یونس کے علاقے مواسی کو انسانی ہمدردی کا زون قرار دے رکھا ہے، یہاں عارضی بنائی گئی پناہ گاہوں میں لاکھوں بے گھر فسلطینی رہائش پذیر ہیں، لیکن اس کے باوجود وہاں بھی 11 بے گناہوں کو شہید کیا گیا ہے۔
اسرائیل کا مؤقف ہے کہ جنگجو شہریوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، اس لیے ان ہلاکتوں کی ذمہ داری عسکریت پسند حماس پر ہی عائد ہوتی ہے۔
دوسری جانب اسرائیل 45 دن کی جنگ بندی کے بدلے مزید 10 یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کر رہا ہے۔ حماس نے لڑائی بند کرنے کی اسرائیلی پیشکش مسترد کر دی ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ وہ علاقے میں جنگ بندی کا ایک جامع معاہدہ چاہتے ہیں ۔ انہیں کوئی جزوی ڈیل قبول نہیں۔۔