اہم ترین

پاک افغان وزرائے خارجہ ملاقات: ’’دو طرفہ مسائل پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق‘‘

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کابل میں افغانستان کے عبوری وزیر اعظم ملا محمد حسن اخوند اور اپنے افغان ہم منصب امیر خان متقی سے ملاقات کی ہے۔ اعلیٰ سطح مذاکرات میں سلامتی سمیت دو طرفہ مسائل پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے علاقائی تجارت اور رابطے کے فوائد کو مکمل طور پر حاصل کرنے کے لیے خاص طور پر سکیورٹی اور بارڈر مینجمنٹ سے متعلق مسائل کو حل کرنے کی بنیادی اہمیت پر زور دیا۔

اس کے علاوہ دونوں فریقوں نے باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور اعلیٰ سطح روابط برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا۔

دوسری جانب افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی کی اسحاق ڈار سے ملاقات کے حوالے سے افغان وزارت خارجہ کے نائب ترجمان ضیا احمد نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ متقی نے پاکستان میں افغان پناہ گزینوں کی صورت حال اور ان کی جبری ملک بدری پر گہری تشویش اور مایوسی کا اظہار کیا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ امیر خان متقی نے پاکستانی حکام پر زور دیا کہ پاکستان میں مقیم افغانوں اور یہاں آنے والوں کے حقوق کی پامالی کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔اسحاق ڈار نے افغان حکام کو یقین دہانی کرائی کہ افغانوں کے ساتھ بدسلوکی نہیں کی جائے گی۔

پاکستان