بالی ووڈ کے ناظرین کو عامر خان کی آنے والی فلم ‘ستارے زمین پر’ کی ریلیز کا شدت سے انتظار ہے ۔ فی الحال فلم کا کوئی پوسٹر یا اسٹار کاسٹ کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ فلم 20 جون 2025 کو ریلیز ہو سکتی ہے۔ اس دوران عامر خان نے ‘ستارے زمین پر’ میں اپنے کردار کے بارے میں بڑے انکشاف کردیئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں عامر خان نے ‘ستارے زمین پر’ میں اپنے کردار سے متعلق باتیں کی ہیں۔ ان کے انٹرویو کی یہ کلپ ایکس پر وائرل ہے۔
فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے عامر نے کہا کہ میں ابھی فلم ستارے زمین پر’ میں کام کر رہا ہوں جو تقریباً تیار ہے۔ یہ ‘تارے زمین پر’ کا سیکوئل ہے۔ تھیم کے لحاظ سے یہ دس قدم آگے ہے۔ یہ ان لوگوں کے بارے میں ہے جو جسمانی لحاظ سے معذور ہیں۔
انہوں نےکہا کہ ستارے زمین پر محبت، دوستی اور زندگی کے بارے میں ہے۔ “تارے زمین پر” نے آپ کو رلایا تھا لیکن یہ فلم آپ کو ہنسانے والی ہے۔ یہ ایک کامیڈی ہے لیکن سوچ وہی ہے۔
اپنے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ تارے زمین پر میں میرا کردار ایک ایسے استادکا تھاجو بہت ہی حساس انسان ہے۔ اس فلم میں میرے کردار کا نام گلشن ہے لیکن اس کی شخصیت بالکل مختلف ہے۔ وہ بالکل بھی حساس نہیں۔
سپر اسٹار نے بتایا کہ ستارے زمین پر کا گلشن بہت بے ادب ہے، وہ سب کی بے عزتی کرتا ہے۔ ایک باسکٹ بال کوچ ہے اور وہ اپنے سینئر کوچ کی پٹائی کرتا ہے۔ اپنی بیوی اور ماں سے لڑتا ہے۔ الغرض وہ بہت سارے اندرونی مسائل کا شکار انسان ہے۔
عامرخان کہتے ہیں کہ ان کا کردار فلم کے آگے بڑھنے کے ساتھ ساتھ بدلتا جاتا ہے۔ لوگ اسے سکھاتے ہیں کہ ایک اچھا انسان کیسے بننا ہے۔