مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں فائرنگ کے واقعے نے بھارت میں پاکستانی فنکاروں اور ان کی فلموں کے بائیکاٹ کے مطالبے میں دوبارہ ہوا بھر دیہے ، جس کی شروعات فواد خان کی آنے والی فلم ‘ابیر گلال’ سے ہوئی ہے۔
دو روز قبل مقبوغہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 26 سیاحوں کو قتل کردیا تھا۔ جس کا الزام بھارت نے پاکستان پر دھر دیا ہے۔
بھارتی فلم انڈسٹری میں کام کرنے والے تیکنیکی عملے اور فنکاروں کی تنظیم فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنیما ایمپلائز (ایف ڈبلیو آئی سی ای) نے ایک بار پھر بھارتی پروڈیوسرز سے تمام پاکستانی فنکاروں، گلوکاروں اور تکنیکی ماہرین کے ساتھ کام نہ کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
اپنے بیان میں ایف ڈبلیو آئی سی ای نے کہا کہ پہلے سے جاری ہدایات کے باوجود، ہمیں حال ہی میں ہندی فلم ‘ابیر گلال’ کے لیے پاکستانی اداکار فواد خان کے ساتھ کام کیے جانے کے بارے میں علم ہوا ہے۔
پہلگام میں ہوئے حالیہ حملے کے پیش نظر، ایف ڈبلیو آئی سی ای کسی بھی بھارتی فلم یا تفریحی پروجیکٹ میں کام کرنے والے تمام پاکستانی فنکاروں، گلوکاروں اور تکنیکی ماہرین کا مکمل بائیکاٹ کرنے کے لیے مجبور ہے۔ اس میں دنیا میں کہیں بھی کام کرنا یا پیشکش دینا شامل ہے۔
فلم انڈسٹری سے وابستہ پانچ لاکھ سے زیادہ ارکان کی نمائندہ تنظیم ایف ڈبلیو آئی سی ای نے خبردار کیا ہے کہ وہ پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کرنے والوں کے خلاف انضباطی کارروائی کرے گی۔