اہم ترین

بھارت کا پانی روکنا اعلان جنگ، جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے:قومی سلامتی کمیٹی

قومی سلامتی کمیٹی نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے اقدام کو مسترد کردیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیئے میں پہلگام میں سیاحوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا ہے، ساتھ ہی پاکستان نے 23 اپریل کو کیے گئے بھارتی اقدامات کو یکطرفہ، غیر منصفانہ، سیاسی مقاصد پر مبنی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے 23 اپریل کے اقدامات غیر ذمہ دارانہ ہیں، کشمیر ایک متنازع مسئلہ ہے جسے اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں کے ذریعے تسلیم کیا جا چکا ہے، پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔
کہا گیا ہے کہ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے، پہلگام حملے کو پاکستان سے جوڑنا بے بنیاد اور غیر منطقی ہے۔انڈس واٹر ٹریٹی کی یکطرفہ معطلی اور پانی روکنے کا اقدام اعلان جنگ تصور کیاجائے گا۔

پاکستان نے شملہ سمیت تمام دوطرفہ معاہدے معطل، سرحدی آمد ورفت، بھارت کیلئے فضائی حدود اور ہر قسم کی تجارت بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بھارتی اقدامات کے جواب میں بھارتی ہائی کمیشن کو بھی سفارتی عملہ 30 ارکان تک محدود کرنے کے علاوہ بھارتی دفاعی، بحری اور فضائی مشیروں کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر پاکستان چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں سکھ یاتریوں کے علاوہ تمام بھارتی شہریوں کے ویزے منسوخ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔

پاکستان