پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ ماہ بنگلا دیش کے خلاف پانچ میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کی تصدیق کردی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے جاری بیان کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز کے لئے مئی میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ یہ سیریز کرکٹنگ نیشنز کے درمیان دوطرفہ دوروں کے پروگرام (ایف ٹی پی) کا حصہ ہے، جو 3 ون ڈے اور تین ٹی 20 انٹر نینشنل پر مشتمل تھی۔
بیان کے مطابق آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے اگلے سال ہونے کی وجہ سے دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز نے باہمی طور پر ون ڈے میچز کو کو دو اضافی ٹی ٹوئنٹی میچز سے تبدیل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
پانچ میچوں کی سیریز 25 مئی سے 3 جون تک فیصل آباد اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔ فیصل آباد کا اقبال اسٹیڈیم سیریز کے پہلے اور دوسرے میچز کی میزبانی کرے گا، جو بالترتیب 25 اور 27 مئی کو ہوں گے۔
لاہور کا قذافی اسٹیڈیم باقی تین ٹی20 میچز کی میزبانی کرے گا، جو 30 مئی، 1 اور 3 جون کو شیڈول ہیں۔ تمام پانچ میچز شام 8 بجے شروع ہوں گے۔
بنگلا دیش کی ٹیم 21 مئی کو پہنچے گی اور 22 سے 24 مئی تک اقبال اسٹیڈیم میں تربیتی سیشنز کرے گی۔