امریکا اور یوکرین کے درمیان اہم معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں جس کے مطابق اب یوکرین سے نکلنے والی معدنیات اور توانائی کے ذخائر سے حاصل ہونے والے منافع میں امریکا بھی حصہ دار ہوگا۔
اے ایف پی کے مطابق امریکا اور یوکرین کے درمیان معاہدے کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، لیکن اس معاہدے نے امریکا کو یوکرین کے انتہائی اہم قدرتی وسائل تک رسائی دے دی ہے۔
یوکرین کے پاس گریفائٹ، ٹائٹینیم اور لیتھیم جیسی اہم معدنیات کے وسیع قدرتی ذخائر ہیں۔ قابل تجدید توانائی، دفاعی ٹیکنالوجی اور بنیادی ڈھانچے میں استعمال کی وجہ سے ان معدنیات کی بہت زیادہ اہمیت ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس سے جنگ لرںے کے لئے امریکی امداد کو معدنیات تک رسائی سے مشروط کردیا تھا۔ یوکرین کے صدر نے اس شرط کو پورا کردیا ہے۔
اس معاہدے کا مقصد یوکرین کے دفاع اور تعمیر نو میں سرمایہ کاری جاری رکھنے کے لیے امریکا کو اقتصادی ترغیب فراہم کرنا اور امداد سے متعلق واشنگٹن کے خدشات کو دور کرنا بتایا گیا ہے۔
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ معاہدے دونوں فریق یوکرین میں دیرپا امن اور خوشحالی کے لیے پرعزم ہیں۔