اہم ترین

پہلگام واقعہ بھارتی سپریم کورٹ کا تحقیقات کے لئے درخواست پر سماعت سے انکار

بھارتی سپریم کورٹ نے پہلگام واقعے کی تحقیقات سے متعلق دائر درخواست پر سماعت سے انکار کردیا۔

مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے سیاحتی مقام پہلگام میں 22 اپریل کو نامعلوم ملزمان نے 26 بھارتی سیاحوں کو ہلاک کردیا تھا۔ اس واقعے نے بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کو بڑھا دیا ہے۔

مودی سرکار کی جانب سے ثبوت فراہم نہ کئے جانے کے باعث خود بھارت میں اس کی تحقیقات کے لئے سوال اٹھائے جارہے ہیں۔

سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی جس میں پہلگام حملے کی تحقیقات کی نگرانی کے لیے ایک ریٹائرڈ جج کی تقرری کی اپیل کی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس این کوتیشور سنگھ پر مشتمل بھارتی سپریم کورٹ کے بینچ نے درخواست کی سماعت سے ہی انکار کردیا۔

ججوں نے درخواست گزاروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ اس طرح کی درخاستوں سے سیکورٹی فورسز کے حوصلے پست کرنا چاہتے ہیں؟ ایسے مسائل کو عدالتی دائرہ میں نہ لائیں۔معاملے کی حساسیت کو سمجھیں اور عدالت میں ایسی کوئی اپیل نہ کریں جس سے سیکورٹی فورسز کے حوصلے پست ہوں۔

آپ سپریم کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج سے انکوائری کرنے کو کہہ رہے ہیں، وہ تفتیش کے ماہر نہیں ہیں جبکہ وہ صرف کسی معاملہ پر فیصلہ دے سکتے ہیں۔ ہمیں حکم دینے کے لیے مت کہو، جہاں جانا ہو جاؤ۔ بہتر ہو گا کہ واپس چلے جاؤ۔

پاکستان