پاک فوج کی اعلیٰ ترین قیادت نے کہا ہے کہ جنگ مسلط کرنے کی کسی بھی کوشش کا یقینی اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرِصدارت خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس میں خطے کی موجودہ صورتحال کا جامع جائزہ لیا گیا بالخصوص پاکستان اور انڈیا میں کشیدگی اور علاقائی سلامتی زیرِغور آئے۔
فورم نے پاکستان کی مسلح افواج کی کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کے خلاف ملک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو برقرار رکھنے کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
آرمی چیف نے مسلح افواج کی غیرمتزلزل پیشہ وارانہ مہارت، ثابت قدم حوصلے اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دفاع وطن کے لیے اپنے عوام کے ساتھ متحد ہو کر کھڑی ہیں۔انہوں نے تمام محاذوں پر چوکنا رہنے اور فعال تیاریوں کی اہمیت پر زور دیا۔
بیان کے مطابق فورم نے انڈیا کے غیرقانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انڈین مظالم پر شدید اظہار تشویش کیا۔ بالخصوص پہلگام واقعے کے بعد انڈین افواج لائن آف کنٹرول کے معصوم شہریوں کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہیں۔انڈین فوج کی غیرانسانی اور بلا اشتعال کارروائیاں علاقائی کشیدگی کو بڑھاتی ہیں، جس کا مؤثر اور مناسب جواب دیا جائے گا۔
کانفرنس کے شرکا نے انڈیا کی جانب سے سیاسی اور فوجی مقاصد کے حصول کے لیے مستقل طور پر گھڑے جانے والے خود ساختہ بحرانوں پر تشویش کا اظہار کیا۔
شرکا نے کہا کہ ’اندرونی انتظامی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے انڈیا پہلے سے طے شدہ طریقہ کار کے تحت ان اندرونی مسائل کو ہمیشہ سے بیرونی رنگ دیتا رہا ہے۔ پہلگام کے حالیہ واقعہ کا مقصد پاکستان کی توجہ مغربی سرحدوں اور اقتصادی بحالی کے لیے جاری کوششوں سے ہٹانا ہے کیونکہ ان دو عوامل میں پاکستان فیصلہ کن اور پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے۔