اہم ترین

سندھ طاس معاہدہ کی معطلی ایک انسانیت سوز جرم ہے، بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ کی معطلی ایک انسانیت سوز جرم ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے الزام تراشیوں کا ایک سلسلہ شروع کیا۔۔ ہلاک ہونے والوں کا خون خشک ہونے سے قبل بھارت نے الزام پاکستان پر لگا دیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم دہشت گردی پھیلاتے نہیں ہیں، ہم دہشت گردی کا شکار ہیں۔ ہم نے اپنے بچوں اور سپاہیوں کو دفن کیا ہے، یہ قوم جدوجہد سے بنی، جدوجہد سے زندہ رہتی ہے

ان کا کہنا تھا کہ بھارت دہشت گردی کو اپنی خارجہ پالیسی کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرتا ہے۔ بھارت دہشت گردی کے ساتھ لڑنے کا دعویٰ کرتا ہے لیکن وہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کرتے ہوئے کیسے دہشت گردوں سے لڑ سکتا ہے۔ دہشت گردی بنیادی وجوہات کا خاتمہ کرنے سے ختم ہوتی ہےدہشت گردی انصاف سے ختم ہوتی ہے، اسے محض ٹینکوں سے شکست نہیں دی جا سکتی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ کی معطلی ایک انسانیت سوز جرم ہے، دریائے سندھ محض ایک دریا نہیں، یہ ایک تہذیب کا گھر ہے،دریائے سندھ بھارت کی نہیں انسانیت، تہذیب اور امن کی ملکیت ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دشمن چاہتے ہیں کہ ہمیں نقصان پہنچایا جائے، ہم سب پاکستان ہیں اور متحد ہیں،ہماری قوم کراچی سے خیبر اور لاہور سے لاڑکانہ تک متحد ہے۔

پاکستان