اہم ترین

بھارتی جارحیت: 6 مقامات پر 24 حملے، پاکستان کا بھی بھرپور جواب

بھارت نے پہلگام واقعے کی آڑ میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے 6 مقامات پر 24 حملے کئے ہیں جن میں خواتین اور بچوں سمیت 26 افراد شہید اور 46زخمی ہوگئے ہیں۔ جواب میں پاکستان نے بھی مختلف مقامات پر جوابی کارروائی کی ہے۔

بھارت نے منگل اور بدھ کی درمیانی رات پنجاب میں احمدپور شرقیہ، مریدکے، سیالکوٹ اور شکرگڑھ جبکہ آزاد کشمیر میں کوٹلی اور مظفرآباد کے مختلف مقامات پر 24 فضائی حملے کئے ۔

پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق بھارت نے احمد پور شرقیہ میں واقع مسجد سبحان پر چار حملے کیے گئے جن سے مسجد شہید ہوئی جبکہ اردگرد واقع آبادی کو بھی نقصان پہنچا۔ حملے میں 5 افراد شہید ہوئے۔ شہدا میں تین سالہ بچی، دو خواتین اور دو مرد شامل ہیں۔ ان حملوں میں 31 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

مریدکے میں مسجد اُم القرا اور اس کے اردگرد واقع کوارٹر پر چار بھارتی حملے کئے گئے جن میں ایک شخص شہید اور ایک زخمی ہوا ہے جبکہ دو افراد لاپتہ ہیں۔

سیالکوٹ کے شمال میں ورکنگ باؤنڈری سے ملحقہ گاؤں کوٹلی لوہاراں پر دو گولے داغے گئے جن میں سے ایک پھٹ نہیں سکا۔ اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ شکرگڑھ پر بھی دو گولے داغے گئے جن سے ایک ڈسپنسری کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔

مظفر آباد میں شوائی نالہ کے مقام پر مسجد بلال کو بھارت نے نشانہ بنایا ہے۔ بلال مسجد پر سات حملے کیے گئے جن میں ایک بچی زخمی ہوئی ہے۔

کوٹلی میں بھی ایک مسجد نشانہ بنی اور اس حملے میں ایک 16 سالہ لڑکی اور 18 سالہ نوجوان شہید جبکہ دو خواتین زخمی ہوئی ہیں۔

بی بی سی کے مطابق بھارتی حکومت نے پاکستان اور آزاد کشمیر میں نو مقامات پر ’دہشتگردوں کے انفراسٹرکچر‘ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا تاہم اس نے اس تناظر میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

دوسری جانب پاکستان نے بھی بھارتی حملوں کا بھرپور جواب دیا ہے۔ پاکستان نے بھارت کے 5 لڑاکا طیارے مار گرائے ہیں، بھارتی طیاروں کو بھارت کی حدود میں مار گرایا، تباہ کیے گئے بھارتی طیاروں میں 3 رافیل، ایک سکھوئی 30 اور ایک مگ شامل ہے جبکہ پاکستان کے تمام طیارے محفوظ ہیں۔

پاکستان