اہم ترین

فواد ، ماہرہ سمیت پاکستانی اداکاروں کی بھارتی حملے کی شدید مذمت

فواد خان، ہانیہ عامر، بلال عباس اور ماہرہ خان سمیت پاکستان کے مایہ ناز اداکاروں نے بھارت کے بزدلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’شرمناک‘ اور بزدلانہ فعل قرار دیا۔

اداکاروں نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر اسٹوریز اور پوسٹس کے ذریعے بھارتی حملے کی مذمت کی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر غم و غصے کا اظہار کیا۔

اداکار فواد خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوری کے ذریعے بھارتی حملے کو ’شرمناک‘ قرار دیا، ساتھ ہی لوگوں سے درخواست کی کہ ’اس تشویش ناک صورت حال معاملے کو مزید سنگین رخ نہ دیں‘۔ انہوں نے زخمی اور شہدا کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا اور کہا کہ ’میں امید کرتا ہوں کہ انشااللہ عقل و فہم کی جیت ہوگی‘۔

اداکارہ ماہرہ خان نے مصنفہ فاطمہ بھٹو کی ٹوئٹ کو اپنے انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے حملے کو ’بزدلانہ قرار دیا اور دعا کی کہ ’یااللہ ہمارے ملک کی حفاظت فرمائیں‘۔

اداکارہ ہانیہ عامر نے بھی بھارتی حملے کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ’میں غصہ اور درد محسوس کررہی ہوں، بچہ شہید ہوگیا اور خاندان تباہ ہوگئے۔ آپ معصوم لوگوں پر بم برسانے کو حکمت عملی نہیں کہہ سکتے، یہ طاقت کا مظاہرہ نہیں بلکہ شرمناک اور بزدلانہ فعل ہے۔

اداکارہ مایا علی نے پاکستان زندہ باد کے نعرے کے ساتھ کہا کہ جنگ کبھی بھی حل نہیں اور نہ ہی کبھی ہوگا’۔

پاکستان